پنجاب میں تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے، کچا دھاگہ ہے کسی وقت بھی ٹوٹ سکتا ہے، خواجہ آصف


وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں، کچا دھاگہ ہے کسی وقت بھی ٹوٹ سکتا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سیاست میں بہت کچھ بدلنے والا ہے، عمران خان اپنے فالوورز کے لیے ڈبل شاہ والا کردار ادا کر رہا ہے، لیک ہونے والی آڈیو نے عمران خان کے امریکہ والے بیانیہ کو طشت از بام کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  نواز شریف کا حق بنتا ہے کہ ان کوپاکستان آنے دیا جائے، نواز شریف کے اوپر 10 ہزار روپے تنخواہ نہ لینے کا الزام ہے، وہ جلد پاکستان آجائیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نومبر کے قریب ملکی حالات آہستہ آہستہ سدھرنے شروع ہو جائیں گے،نواز شریف جیسے پاکستان آئیں سیاست میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مہنگائی پر قابو پانا چاہئے، بہت مشکل حالات میں حکومت ملی تھی،اسحاق ڈار تجربہ کار ہیں انہوں نے پہلے بھی ایسی صورتحال میں کام کیا ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے مریم نواز کی بریت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے 5 سال کا حساب کون دے گا؟ ثاقب نثار کی سربراہی میں عدلیہ نے جو کھیل کھیلا وہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

ہمارے خلاف مقدمات کا مقصد سیاست سے باہر نکالنا تھا، نواز شریف

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری امید ہے نواز شریف کو بھی جلد انصاف ضرور ملے گا، نا انصافی کا دور اب ختم ہو چکا ہے،جے آئی ٹی میں ہیرے نہیں کھوٹے سکے شامل تھے جس کا مقصد نواز شریف کی حکومت ختم کرنا تھا۔

آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تاریخ کا فیصلہ یہ ہے کہ4 آرمی چیف نواز شریف نے مقرر کئے تھے جب کہ پانچواں آرمی چیف نواز شریف کا بھائی مقرر کرنے جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں اتفاق رائے کہاں سے آیا، کسی آئین، قانون میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے4 بار آرمی چیف مقرر کئے لیکن کبھی تنازعہ نہیں ہوا، آرمی چیف کی تعیناتی سیاسی معاملہ نہیں ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں