عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں، قوم کو تقسیم کیا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو حکام کی جانب سے بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں ایک ہزار 350 میٹر طویل اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور منصوبے سے بارہ کہو میں ٹریفک کا رش ختم ہو گا۔

شہباز شریف کو بتایا گیا کہ 5 اعشاریہ 4 کلومیٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

سنگ بنیاد کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے شہریوں کوسہولت ملے گی یہ عوامی منصوبہ ہے۔بارہ کہو بائی پاس منصوبے کو 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے پر متعلقہ حکام سے گزارش ہے 3 ماہ میں مکمل کریں اور اس منصوبے پر اخراجات میں کفایت شعاری پر حکام کے مشکور ہوں گے۔ منصوبے پر ساڑھے 6 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میڈم زیبا کو بتانا میں معافی مانگنے آیا تھا، عمران خان خاتون جج کی عدالت میں پیش

شہباز شریف نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس مکمل ہو گا تو مریض، شہری اور مسافروں کے لیے فائدہ مند ہو گا اور نواز شریف دور میں جو منصوبے شروع ہوئے تھے کسی کو مکمل کرنے کا خیال ہی نہیں آیا۔ ابھی ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کے لیے سفری سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ گزشتہ حکومت کو عوام کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبے تب مکمل ہوتے ہیں جب دل میں درد اور احساس ہو گا جبکہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے عوامی منصوبوں پر کام کرنے کے بجائے غلط بیانی کی۔ عمران نیازی دن رات غلط بیانی سے کام لیتے ہیں اور میں نے 40 سال بڑے بھائی کی قیادت میں حالات میں اتار چڑھاؤ دیکھا اور ہم نے 40 سال میں آمریت کا دور دیکھا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کا مقدمہ عدالتوں اور سڑکوں پر لڑیں گے، حافظ نعیم الرحمان

شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اور عمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیر کروایا، کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے۔ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اور لوگوں کو گمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں غلط بیانی کرنے والےعمران خان جیسے شخص کو کبھی نہیں دیکھا اور گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا۔ ہماری اتحادی حکومت آئی تو عمران خان نے سب کو غدار کہہ دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیر اعظم کس انداز میں کیا بات کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے وقار کو داؤ پر لگایا اور زور لگایا کہ ہماری حکومت امپورٹڈ ہے جبکہ عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ایک بدترین سازش کی۔ بدقسمتی سے عمران خان نے ہمارے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کیا۔ گھناؤنی سازش اور اپوزیشن کو بدنام کرنے پر مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کو داؤ پر لگایا اور ریاست کو بچانے کا عزم کیا جبکہ مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ عمران خان کے دل میں خواہش تھی پاکستان سری لنکا کی طرز پر جائے اسی لیے عمران خان جلسوں اور تقاریر میں کہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا طرز پر جا رہا ہے۔ ہمارے وسائل محدود ہیں مگر گھبرانے کی بات نہیں مل کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف ہماری ناک سے لکیریں نکلوا رہا تھا اور ہمیں اس کی شرطیں ماننی پڑیں، عمران خان کہتے تھے میں ہوں تو سب کچھ ہے ورنہ کچھ بھی نہیں ہے لیکن ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس وہ ہمیں امپورٹ کرنا پڑتا ہے۔ عمران خان میرے بارے میں کہتے ہیں شہباز شریف مانگنے جاتے ہیں تو پھر مجھے بتائیں کہ عمران خان خود بیرون ملک جاتے تھے تو کیا یہاں سے پیسے لے کر جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ باشعور لوگ غلط اور صحیح میں فرق کریں۔ ملک میں سیلابی صورتحال ہے اور عمران خان پتہ نہیں کہاں سے پیسے لے کر جلسے کرتے رہے ہیں اور وہ جلسوں کے پیسے اگر سیلاب متاثرین پر لگاتے تو بہتر ہوتا۔ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ذات سے نکل کر، اختلافات بھول کر ملکی ترقی کی بات کریں۔ عمران خان تو سازشی ہیں انہوں نے لاہور میں اسپتال کو سیاست کی نذر کردیا۔ عمران خان سے کہتا ہوں ایک دن سچائی قوم کے سامنے آئے گی۔


متعلقہ خبریں