انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی،129افراد ہلاک


انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی  میں کم از کم  129افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا  کے  جزیرے جاوا کے شہر مالانگ  میں دو مقامی ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ جاری تھا ۔  میچ کے اختتام پر ہارنے والی ٹیم  کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد   فٹبال گراونڈ  میں داخل ہوگئی ۔

پولیس نے  مشتعل افراد کو روکنے کے لئے  اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس کا استعمال کیا۔ جس کے بعد  بھگدڑ  مچ گئی  اور متعدد افراد بے ہوش ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر اینو کی انتقال کر گئے

ہلاک ہونے والوں میں بچے  اور دو پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ہنگامہ آرائی میں180 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت سانس گھٹنے اور بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہوئی۔

افسوسناک واقعے کے بعد انڈونیشین  فٹبال لیگ میں ایک ہفتے کے لیے تمام میچز معطل کردیے  گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں