جج دھمکی کیس:عمران خان کی عبوری ضمانت منظور


اسلام آباد ہائیکورٹ  نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں  عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

اسلام آباد ہا ئیکورٹ نے  جج دھمکی کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عبوری ضمانت منظور کی۔

عدالت نے عمران خان  کو دس ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عمران خان کو کیس میں10 اکتوبر سے پہلے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا۔

درخواست  میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان کے خلاف ابتدائی طور پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا۔ہائی کورٹ نے دہشت گردی کی دفعات ختم کیں تو کیس منتقل ہو گیا۔انسداد دہشتگردی عدالت سے کیس منتقل ہونے پر ضمانت بھی مسترد ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سیاسی مخالف حکومت نے بدنیتی کے تحت جھوٹا مقدمہ بنایا۔کیس درج کرنے کا مقصد کرپشن مافیا کے خلاف پرامن تحریک کو روکنا ہے۔مقدمے کا مقصد عمران خان کو گرفتار کر کے پرامن سیاسی تحریک کو روکنا ہے۔

جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری  جاری کیے جانے کے معاملے پراسلام آباد ہائی کورٹ  چھٹی کے روز کھلی ۔درخواست دائر کرنے کے لیے عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان ہائیکورٹ پہنچے تھے۔عمران خان کی جانب سے بائیو میٹرک سے استثنی کی درخواست بھی دائر کی گئی۔

واضح  رہے کہ  گزشتہ روزاسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے خلاف   خاتون جج  کو دھمکی  دینے کےکیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

 


متعلقہ خبریں