مریم نواز کی عمران خان کے ساتھ فوٹو شاپ تصویر پر مریم اورنگزیب کا ردعمل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ثابت کیا وہ عورتوں کی توہین اور تحقیر کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شیریں مزاری کی طرف سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عمران خان کے ساتھ فوٹو شاپ تصویر لگانے پر کہا کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں یہ معذرت خواہانہ عذر بیان کرنا پڑتا ہے کہ ایک ایسے شخص کا نام مجبوراً لینا پڑتا ہے جو خواتین کو کم تر مخلوق سمجھنے کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے اور ہر روز کم ظرفی کے ایک نئے پاتال میں اتر جاتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ہر بار یہی ثابت کیا کہ وہ عورتوں کی توہین اور تحقیر کرتے ہیں۔ اُن کی عزت واحترام سے نابلد ہے اور خواتین کو محض اشیا سمجھ کر بدکلامی ہی نہیں بلکہ ہراساں بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی جماعت اور حامیوں میں یہی بیمار ذہنیت پھیلائی اور اُس کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خاص طور پر نہایت مایوس کُن اور افسوسناک ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین لیڈرز اور حامی اِس رویے کو درست قرار دے کر نہ صرف اس پر کاربند بلکہ جشن بھی منارہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ نہایت شرمناک اور اس امر کی حقیقی جھلک ہے کہ عمران خان درحقیقت کس قدر چھوٹا آدمی ہے۔

واضح رہے کہ شیریں مزاری یہ تصویر ڈیلیٹ کر کے مریم نواز سے معافی مانگ چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں