حکومت نے کیسز ختم کرانے کیلئے نیب قوانین تبدیل کیے، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے نیب قوانین تبدیل کیے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق آصف علی زرداری کے جعلی اکاؤنٹس کیس کا کیا بنا۔ آج سیکشن 25 کے سب سیکشن پر بحث ہوئی اور آج ججز کے سوالات بھی زبردست تھے۔

نیب قوانین پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کیسز ختم کرانے کے لیے نیب قوانین تبدیل کیے جبکہ نیب قوانین میں ترامیم کے لیے پارلیمنٹ اور سینیٹ میں ایک دن بھی بحث نہیں ہوئی۔ عمران خان نے پہلے بتا دیا تھا کہ حکومتی تبدیلی کا بنیادی ایجنڈا ہی اپنے خلاف کیسز ختم کرنا تھا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ایسا نظر آرہا ہے پاکستان میں احتساب کا عمل ختم ہو گیا ہے اور مریم نواز نے گزشتہ روز جو پریس کانفرنس کی وہ سب کے سامنے ہے۔ مریم نواز کو سائفر سے متعلق علم ہی نہیں وہ طارق فاطمی سے ہی پوچھ لیں کیونکہ سائفر ایک سسٹم ہے کوئی خط یا ٹیلی گرام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے بعد نواز شریف کا کیس کلیئر کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کیسز کے فیصلے کدھر ہیں؟ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے الیکشن کمیشن سیاسی تحفظ فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سوالوں کا جواب دیں پھر لانگ مارچ کا اعلان کریں، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے سب سے بڑے مستفید ہونے والی شخصیت آصف زرداری ہیں اور اربوں روپے کے پلی بارگین کرنے والے اب پیسے واپس لیں گے اور آصف زرداری پلی بارگین کے تحت دینے والے پیسے واپس لینے کی کوششوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں 24 ارب روپے ہیں لیکن ان کا کیس کلیئر کر دیا گیا اور کرپشن سے لیا گیا پیسہ عمران خآن کے ٹیلی تھون میں جمع ہونے والے پیسے سے زیادہ ہے۔ آج اسٹیٹ بینک کو عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کے لیے خط لکھا گیا ہے اور کہا گیا اسٹیٹ بینک عمران خان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دیں پھر فیصلہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں