زخمی ٹیسٹ کرکٹر بابر اعظم کل وطن واپس پہنچیں گے


لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے لارڈز ٹیسٹ میں کلائی پر گیند لگنے سے زخمی ہونے والے کرکٹر بابراعظم کو برطانیہ سے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کرکٹربابراعظم آج رات لندن سے پاکستان روانہ ہوں گے اورمنگل کی صبح نو بجے لاہور پہنچیں گے جب کہ قومی ٹیم اسی روز دوسرے ٹیسٹ کے لئے لیڈز روانہ ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ نے انجری کے شکار بابراعظم  کو چارسے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وطن واپس آنے کے بعد بابر اعظم  نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام میں حصہ لیں گے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 23 سالہ بلے باز بابر اعظم  لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن بین اسٹورک کی ایک تیز گیند بائیں کلائی پر لگنے کے سبب فریکچر کی وجہ سے قریباً دو ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے لئے 13 ٹیسٹ میچ 41 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے بابر اعظم کی عدم موجودگی میں ٹیم مینجمنٹ نے ان کے متبادل کی درخواست نہیں دی۔

پاکستان ٹیم اب 15 کھلاڑیوں کے ساتھ لیڈز جائے گی جہاں دوسرا ٹیسٹ میچ  یکم جون سے ہیڈنگلے میں شروع  ہوگا۔


متعلقہ خبریں