عمران نیازی پاکستان کا سب سے جھوٹا وزیر اعظم ہے، شہباز شریف


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر سازش کا تانا بانا ہم سے ملے تو ہم سزا بھگتنے کو تیار ہیں۔ عمران نیازی پاکستان کا سب سے جھوٹا وزیر اعظم ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں اور اگر آڈیو لیک کرنی ہوتی تو ہم اپنی کیوں کراتے ؟

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عدم اعتماد کی تحریک کو مسترد کر دیا تھا اور صدر نے 20 منٹ میں اسمبلی توڑنے کی سمری منظور کی۔ ہماری سمریاں صدر مملکت کے پاس مہینوں پڑی رہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نہ جانے کیا کیا الزامات لگائے گئے جس کا کوئی سر تھا نہ پیر اور عمران خان نے ملک کے ساتھ سازش کی۔ آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے کھیلنا ہے امریکہ کا نام نہیں لینا۔ انہوں نے قوم کو ایک ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سازش کا تانا بانا ہم سے ملے تو ہم سزا بھگتنے کے لیے تیار ہیں لیکن آج اس سازش کاتانا بانا عمران خان کے ساتھ مل چکا ہے۔ سازشی ٹولے نے کہا کہ سائفر کے منٹس ہم اپنی مرضی سے بنائیں گے جبکہ عمران خان اور اس کے حواریوں نے ملک کا وقت برباد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کیخلاف مقدمات کا لنڈا بازار لگا دیا، بابر اعوان

وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کے اعتماد کے ساتھ کھیلا گیا اور اتحادی حکومت پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے۔ سائفر کے معاملے پر قوم اور ملک کے ساتھ بدترین بددیانتی کی گئی اور ملکی سالمیت کے ساتھ کھیلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سازشی ٹولہ کہہ رہا ہے کہ منٹس ہم بنائیں گے۔ سنگین واردات کی گئی اور کھیل کھیلا گیا لیکن اس سازش کا دور دور تک اس سائفر سے تعلق نہیں۔ یہ بھیانک واقعہ جو پاکستان کے ساتھ پیش آیا جس کی ذمہ داری عمران ٹولہ پر ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تقریبا 100 ارب روپیہ وفاقی خزانہ سیلاب متاثرین پر خرچ کر چکا ہے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وفاقی حکومت 70 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ مخیر حضرات کو بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے اور سب اپنے اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

انہوں نے عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پتھر دل انسان ہے اور انسانوں کے لیے اس کے دل میں کوئی جگہ نہیں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے جس طرح سیلاب متاثرین کا مقدمہ لڑا میں نہیں لڑ سکتا۔ امریکہ اور چین نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے امداد دی لیکن عمران خان نے خارجہ امور میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان دن رات جھوٹ بولتا ہے اور قوم سے فراڈ کرتا ہے، عمران خان سر سے پاؤں تک فراڈیہ ہے اور عمران خان قوم کو تنہائی میں لے کر گیا جبکہ عمران خان نے فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جبکہ پاک فوج نے دہشت گری کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں۔ عمران خان نے پاک فوج کے لیے نیوٹرل، چوکیدار اور کیا کیا الفاظ استعمال نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ سائفر ڈی کوڈ نہیں ہو سکتا، اگر ہوتا تو دوست ممالک سے رابطوں کی دستاویز لیک ہو جائیں۔ وزیراعظم کی سائفر کاپی غائب کر دی گئی اور آڈیو ہر چیز بتا رہی ہے اس کے بعد اور کیا ثبوت چاہیئیں۔ مریم نواز کو عدالت عالیہ نے کلین چٹ دی ہے جبکہ مریم نواز اپنے والد کے ساتھ نیب عدالتوں میں پیش ہوتی رہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 4 سال سے بتا رہا تھا کہ عمران خان جھوٹا ترین شخص ہے اور عمران خان کو اپنا چہرہ شیشوں میں دیکھنا چاہیئے۔ کیا ان کی ہمشیرہ کو این آر او میں نے دیا تھا؟ ان کی اپنی حکومت کے دوران ایف بی آر نے علیمہ خان کو این آر او دیا تھا۔ علیمہ خان کے نیویارک اور دبئی میں اثاثے تھے جو ڈیکلیئر نہیں تھے اور چینی کے اسکینڈل میں این آر او تو میں نے نہیں دیا جبکہ چینی اسکینڈل تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے جس میں 50 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے کیس کا نیب ترمیم سے کوئی تعلق نہیں اور 190 ملین پاؤنڈ کا تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا عمران خان نے ڈالا۔ ہمارے خلاف سارے کیسز جھوٹے ہیں اور ہمیں سزا دلانے کے لیے ریٹائرڈ ججز نے نیب قانون میں ترمیم کی جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں خاتون کو حبس بے جا میں رکھ کر نیب چیئرمین کو بلیک میل کیا گیا۔ اس طرح کی تلخ باتیں 75 سال کسی نے نہیں کی ہوں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کو توسیع دی گئی اور عمران خان نے اپنے ساتھیوں کو این آر او دیا۔ خیبر پختونخوا میں احتساب کا ڈھول پیٹا گیا۔ میں خطاکار انسان ہوں لیکن قوم سےجھوٹ نہیں بولوں گا کہ یہ شخص پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے مہنگائی کا کیا تعلق ہے تاہم یہ بات درست ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اور سب کی کوشش ہے کہ مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے اور ہم مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ آج ملک میں جو مہنگائی ہے اس کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے۔ میاں جب آئیں گے تو خوشحالی کی گٹھڑی ساتھ لائیں گے۔ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہو گی اور کسی کو غیرقانونی حرکت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم نے ریاست کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست کو بچانا کوئی معمولی بات نہیں۔ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لوگ میری طرف دیکھ رہے ہیں تو میں لوگوں کی طرف دیکھ رہا ہوں۔ رمیز راجہ کو موقع ملنا چاہیئے تھا تاہم اس پر مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے جبکہ میرے خلاف کرپشن کا ایک دھیلا ثابت نہیں ہوا اور میں شروع سے کہہ رہا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر میری بیٹیوں کے گھروں کو نیب نے گھیرے میں لیا، انصاف کی بنیاد پر جو ادارے کارروائی کریں گے وہ سب کے سامنے لے کر آؤں گا۔ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں اس کو صادق اور امین نہیں کہا۔


متعلقہ خبریں