عمران خان کا ہدف پورا نہیں ہوا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ چکے تھے تاہم ان کا ہدف پورا نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر روز ایک شخص جھوٹ بولتا ہے اور عمران خان روز جھوٹ بول کر ہمیں تھکا دیتا ہے وہ لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں۔ جو لوگ ان کی بات سنتے ہیں وہ ان سے فائدہ اٹھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ ہے اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے اور اس نے پورے ملک میں 4 سال معیشت اور روزگار کے ساتھ کھیلا۔ عمران خان نے ملک میں افراتفری پھیلائی اور معاشرے کا چہرہ تباہ کر دیا۔ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ چکا تھا جو مکمل نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ایک اور آڈیو ایک اور تھپڑ، محسوس کرنے کی بات ہے۔ بلوچستان کے الیکشن میں خریدوفروخت کی گئی اور عمران خان کہتے تھے جو ہارس ٹریڈنگ کرتا ہے وہ شرک کرتا ہے اور ہارس ٹریڈنگ کو شرک کہنے والے عمران کی اپنی آڈیو سامنے آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی آڈیو لیک سے پتہ چلا کہ عمران خان خود شرک کر رہے ہیں اور آڈیومیں عمران خان ارکان اسمبلی کو خریدنے کی چال چل رہے ہیں لیکن یہ ان لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو عمران خان کی بات سنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کو بجلی بلوں میں واضح ریلیف دیا جائے گا، خرم دستگیر

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ باہر امریکہ کی غلامی نامنظور اور اندر کمرے میں امریکہ کا نام نہیں لینا، عمران خان کو ملک سے کوئی سروکار نہیں اس کو صرف اپنی انا عزیز ہے۔ عمران خان دور میں ملک کو غنیمت سمجھ کر لوٹا گیا اور عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے حلف سے غداری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے منصب سے انصاف نہ کرنے والا شخص کس منہ سے دوسروں سے حلف لیتا پھرتا ہے جبکہ عمران خان سائفر سے کھیلنے، منٹس بدلنے اور ارکان اسمبلی خریدنے کا اعتراف کر چکا ہے۔ عمران خان نے خیرات کے پیسے سیاست پر لگائے اور اپنی انا، ہیروں، اقتدار اور ہوس کا غلام دوسروں کو غلام کہہ رہا ہے۔ حقیقی آزادی ملک کو دیوالیہ بنا کر اور چالیں چل کر لی جاتی ہے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس دن عمران خان گرفتار ہو گا اس دن انصاف ہو گا جبکہ عمران خان چار سال تک ملکی معیشت اور خارجہ امور سے کھیلتا رہا۔ عمران خان کے دور میں ترقی کی شرح منفی کی سطح پر تھی لیکن اب عوام کو کالے چشمے پہن کر بیوقوف بنانے کا وقت نہیں ہے۔ جو خود بکاؤ مال ہو وہ کیا باتیں کر رہا ہے کہ کون بکاؤ مال ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جوشیطانی چالیں چل کر مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے کرتا تھا اور یہ شیطانی چالیں چل کر کہتا ہے کہ پاکستانی عوام غلام ہیں۔ یہ کہتا ہے کہ 5 ایم این ایز میں نے خرید لیے 5 اور کر دیے تو 10 ہوجائیں گے۔ مریم نواز کے حوالے سے عدالتی فیصلہ میرٹ پر ہوا ہے جبکہ پانامہ میں نواز شریف کا نام تھا اور نہ ہی مریم نواز شریف کا۔ نواز شریف پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کی جا سکی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن ایجنٹ کے مقاصد کچھ اور تھے اور ان کا ایجنڈا نامکمل ہے۔ ان کا مقصد ملک کو چار حصوں میں تقسیم کرنا اور ملک کا دیوالیہ کرنا تھا۔ عمران خان سے اقتدار گیا تو ان کی ملک کے ساتھ دشمنی شروع ہو گئی اور عمران خان نے 2018 کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی۔


متعلقہ خبریں