پی سی بی کے مقدمہ نے بھارتی بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا


لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مقدمہ نے بھارتی بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کی جانب سے کیس کی تیاری نے بھارتی بورڈ کو پریشان کردیا ہے جس کے باعث پاک بھارت سیریز کے سلسلے میں بھارتی بورڈ نے مودی سرکارسے خط کے ذریعے  پھر رابطہ کیا ہے۔

بھارتی بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لیے پالیسی واضح کی جائے، جانتے ہیں موجودہ حالات میں سیریزمشکل ہے لیکن یاد دہانی کرانا ضروری ہے۔

بھارت کی جانب سے نومبر 2014 اور دسمبر 2015 میں بھارت کے انکار کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی تھی جس کے بعد سے پاکستان نے نئی دہلی کے خلاف ہرجانے کے لیے قانونی چارہ جوئی شروع کررکھی ہے۔

دونوں ممالک میں ہونے والے سمجھوتے کے تحت 2015 اور 2016 میں بھارت اور پاکستان کے مابین دو طرفہ سیریز ہونی تھی لیکن بھارت نے معاہدے کے باجود کھیلنے سے منع  کردیا تھا۔

اس حوالے سے پاکستان وضاحت کرچکا  ہے کہ اس کیس میں قانونی طور پر پاکستان کا موقف بہت مضبوط ہے۔


متعلقہ خبریں