عوامی نیشنل پارٹی کی حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی


عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخاب مزید ملتوی ہوئے تو اتحاد چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی الیکشن سے بھی دستبردار ہو جائے گی، وفاقی حکومت کو باضابطہ پیغام پہنچا دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات نوے روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس ضمن میں وزارت داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی ادارے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں،مرکز اور صوبے بھی مصروف عمل ہیں۔

خط میں کہا گیا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض اور دیگر مسائل درپیش ہیں،سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے درمیان اسلام آباد پر قبضے کی کوشش کرنا چاہتی ہے، اسلام آباد کے تحفظ کیلئے زیادہ سے زیادہ نفری لگانا مجبوری ہوگی۔

قومی و صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کیلئے مطلوبہ سیکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا لہذا الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ضمنی انتخابات ملتوی کر دے۔

خط میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن سیلاب کی وجہ سےپہلےبھی بلدیاتی اورضمنی انتخابات ملتوی کرچکا ہے۔


متعلقہ خبریں