کراچی میں یوم علی کے موقع پر سیکیورٹی پلان تیار


کراچی: ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں یوم علی کے موقع پر سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا جبکہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رمضان المبارک میں مساجد اور عبادت گاہوں میں تراویح کے مقامات کے علاوہ شاپنگ سینٹرز کے اطراف بھی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو کراچی اور صوبے کے دوسرے شہروں میں رمضان المبارک کے دوران اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان کی بیخ کنی کے حوالے سے موثر اقدامات پر غور کیا گیا۔

ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ اجلاس میں یوم علی پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئے اور یوم علی کے موقع پر مجالس اور جلوس کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ پلان مرتب کیا، اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والوں کے درمیان روابط مستحکم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔


متعلقہ خبریں