ممنوعہ فنڈنگ کیس:عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور


اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 18 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج ایف آئی اے کیس میں عمران خان کی درخواست  ضمانت پر سماعت  ہوئی ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت 18 اکتوبر تک منظور کر لی ۔عمران خان کی حفاظتی ضمانت پانچ ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔

سماعت کے آغاز پروکیل عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے دو شریک ملزمان نے ضمانت کے لیے بینکنگ کورٹ سے رجوع کیا۔ بینکنگ کورٹ اور سپیشل جج سینٹرل دونوں عدالتوں نے سننے سے معذرت کی۔عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کون سی عدالت میں جانا چاہئے ؟  وکیل نے جواب دیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس سپیشل جج سینٹرل کی عدالت جانا چاہیے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ عمران خان کہاں ہیں ؟ پیش کیوں نہیں ہوئے ؟ وکیل نے جواب دیا کہ عدالت حکم کرے تو عمران خان فوری عدالت پیش ہوجائیں گے۔بنی گالہ میں پولیس نے عمران خان کے گھر کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ممنوعہ فنڈنگ، ایف آئی اے کو نوٹس، پی ٹی آئی کی درخواست کیس سے جڑ گئی

اسلام آبادہائیکورٹ نے عدالت پیشی تک عمران خان کی گرفتاری سے  روکتے ہوئے  درخواست گزار کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم پر عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ریمارکس دیے کہ پیر تک یہ درخواست زیرالتوارکھ لیتے ہیں، تب تک دائرہ اختیار کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔یہ عدالت عمران خان کو حفاظتی ضمانت دے دیتی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیے کہ عمران خان کو عبوری ضمانت اسپیشل سینٹرل کورٹ دے سکتی ہے۔اگر دائرہ اختیار کا کوئی مسئلہ آتا ہے تو وہ ٹرائل کے دوران ہو گا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اگر دائرہ اختیار کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو یہ عدالت اسکو حل کرے گی ۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمنی انتخابات کا معاملہ چل رہا ہے عمران خان کو پیر کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا جائے۔اسی طرح کے مقدمات لاہور اور کراچی میں بھی ہیں۔  چیف جسٹس اطہر من اللہ نے  کہا۔اگر عمران خان نے وہاں جانا ہے تو چلے جائیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں  حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔

 


متعلقہ خبریں