منی لانڈرنگ کیس:شہباز شریف اور حمزہ شہباز بری


لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا گیا۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں آج شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اسپیشل جج سینٹرل اعجاز الاحسن اعوان نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے کہا کہ ملزمان پر مقدمہ چلانے سے وقت کا ضیاع ہو گا۔

کیس کی سماعت کے دوران وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریری دلائل عدالت میں جمع کروا دیئے ہیں۔ 161 بیانات میں کسی گواہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ذکر نہیں کیا۔

جج نے استفسار کیا کہ اسلم نامی گواہ نے بھی بیان قلمبند کروایا ہے؟ وکیل نے کہا تفتیشی افسر نے گواہوں کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ نومبر2020 میں درج کیا گیا تھا اور جولائی 2021 میں ملزمان نے ضمانتوں کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔

ایف آئی اے نے مارچ 2022 میں مقدمے کا چالان اسپیشل سینٹرل کورٹ میں جمع کروایا تھا۔ ملزمان پر 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا فیصلہ آنے کے بعد ن لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔


متعلقہ خبریں