سی ای او کے الیکٹرک کے وارنٹ جاری


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

سندھ ہائی کورٹ نے ایڈیشنل آئی جی کو وارنٹ کی ایک گھنٹے میں تعمیل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو کہیں سی ای او کے الیکٹرک کو ایک گھنٹے میں لے آئیں۔ سی ای او کےالیکٹرک کے 50 ہزار کے عوض وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔

لوڈ شیڈنگ کے باعث عدالت میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو طلب کیا گیا۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس متبادل ذرائع نہیں؟

رجسٹر سندھ ہائی کورٹ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس متبادل جنریٹر موجود ہے لیکن جنریٹر سے مرکزی عمارت کو بجلی دی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے دنیا سے ایک بار پھر مدد کی اپیل کر دی

عدالت نے رجسٹرار سے سوال کیا کہ کیا آپ نے سولر سسٹم کا انتظام نہیں کیا؟ جس پر رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس سولر سسٹم موجود نہیں ہے۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ پرانے دور میں رہ رہے ہیں۔ ہمارا کام ڈسٹرب ہو رہا ہے یہ بوجھ تو آپ پر پڑے گا۔ آپ سولر سسٹم لگائیں، اس پر غور کریں، فائدہ ہو گا۔

انہوں نے تجویز دی کہ پارکنگ ایریا میں شیڈ لگائے جا سکتے ہیں، نیچے گاڑیاں کھڑی ہوں گی اور اوپر سولر سسٹم چل سکتا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کے الیکٹرک کے سی ای او کے وارنٹ جاری کیے ہیں، معاملے کو دیکھیں اور ایڈووکیٹ جنرل سے بات کریں۔


متعلقہ خبریں