شام تک بجلی بریک ڈاؤن سے نمٹ لیں گے، خرم دستگیر


اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی بریک ڈاؤن حادثہ تھا یا فنی خرابی، جلد معلوم کر لیں گے۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 500 کے وی لائن میں فنی خرابی آئی ہے تاہم لائنز میں خرابی کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات ہوں گی۔ جنوبی حصوں میں بریک ڈاون کے باعث سسٹم سے بجلی باہر گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹس بند ہونے سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے باہر نکلی اور 4 ہزارسے زائد میگاواٹ بجلی واپس لائے ہیں۔ ملتان، فیصل آباد کو بجلی سپلائی بحال ہے اور کوشش ہے جلد تمام متاثرہ شہروں میں بھی بجلی سپلائی بحال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: نمائشی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کو بےدریغ ضائع کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب

خرم دستگیر نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی اور حیدرآباد میں بجلی کی بحالی ترجیح ہے اور تکنیکی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو وزارت توانائی کو بریک ڈاؤن سے متعلق شام کو رپورٹ دے گی اور انکوائری سے پتہ چلے گا کہ بیک وقت 2 لائنوں میں خرابی کیسے آئی۔

انہوں نے کہا کہ بریک ڈاؤن سے ملک کا شمالی حصہ محفوظ ہے اور جہاں جہاں ٹرپنگ ہوئی وہاں پلانٹس کو دوبارہ بحال کر رہے ہیں۔ شام تک ہم بریک ڈاؤن کے چیلنج سے نمٹ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، عمران خان

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے جنوب سے ٹرپنگ کا سلسلہ شروع ہوا اور بریک ڈاؤن حادثہ تھا یا فنی خرابی یہ جلد معلوم کریں گے۔ لاپرواہی پر تادیبی کارروائی بھی مدنظر رکھی جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی بریک ڈاؤن کا یہ دوسرا واقعہ ہے تاہم اب سیپکو کو جزوی طور پر بحال کیا گیا اور کراچی کے بجلی نظام میں کوئی خرابی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں