شیخ رشید چاہتے ہیں عمران خان کل کے بجائے آج جیل جائیں، سعید غنی

عمران خان گھڑی ، قلم اور انگوٹھی چور ہیں، ان کی سیاست میں واپسی نہیں ہو سکتی، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ شیخ رشید چاہتے ہیں عمران خان کل کے بجائے آج جیل جائیں۔

صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل جانے کے ڈر سے نیند نہیں آ رہی اور عمران خان کو ضمنی انتخابات میں شکست ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید چاہتے ہیں عمران خان کل کے بجائے آج جیل جائیں جبکہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک پر یوٹرن لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر لانے والے بھی پشیمان ہیں، شیخ رشید

سعید غنی نے کہا کہ ایک سے زیادہ نشستوں پر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے والے کو ایک ہی نشست رکھنی ہوگی اور اگر عمران خان ساری یا ایک دو نشستیں جیت جاتے ہیں تو ایک نشست پر ہی رکن بنیں گے لیکن عمران خان نے تمام نشستوں پر امیدوار بن کر الیکشن نظام کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر نیتجہ یہ نکلے کہ پھر 2 ماہ بعد بھی اس حلقے میں دوبارہ انتخاب ہونا ہے تو اس سے بڑا مذاق نہیں۔ عمران خان نے ڈراما رچایا کہ سائفر آیا اور سازش ہوئی لیکن وہ بھی کھل کر سامنے آ گیا۔

وزیر محنت سندھ نے کہا کہ 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ عمران خان نے تمام اداروں اور ملک کے قانون کو مذاق بنایا ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں