پورے ملک کو پیغام دے رہا ہوں یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ہو رہا ہے، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پورے ملک کو پیغام دے رہا ہوں یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ہو رہا ہے۔

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں، ملیر اور کورنگی کی سیٹ پر الیکشن ہو رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں ملک کا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ایک طرف سے 30 سال سے چوری کرنے والے ڈاکو ہیں، پہلے ملک لوٹتے ہیں پھر این آر او لیکر واپس آ جاتے ہیں، جب احتساب ہونے لگتا ہے تو پھر باہربھاگ جاتے ہیں،یہ این آراولیکرواپس آتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ کرائم منسٹر بھکاریوں کی طرح دوسروں سے پیسے مانگتا ہے، شہباز شریف جب دنیا سے پیسے مانگتا ہے تو ان کوسب پتا ان کے اپنے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں، ایسے وزیراعظم کو لوگ ذلیل کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے گورا رنگ دیکھ کر اینکر کے آگے ہاتھ پھیلانے شروع کر دیئے، شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے سامنے بھی تماشا کیا تھا، انتونیو گوتریس بڑا اچھا آدمی شہباز شریف نے اس کا بازو ہی پکڑ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل سے کہا وعدہ کرتا ہوں پیسہ چوری نہیں کریں گے، شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے سامنے کانپیں ٹانگ رہی تھیں، پیوٹن کے سامنے ایسے بیٹھا تھا جیسے ہیڈ ماسٹرکے سامنے بیٹھا ہو۔

چھوٹا چور جیل اور بڑا چور ایوان میں بیٹھے تو ملک کا کیا مستقبل ہو گا،عمران خان

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف اور اس کے بیٹے کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی تھی، شہبازشریف کو بچایا گیا اور اوپر بٹھا دیا گیا، آج انہوں نے پاکستان کو ادھرپہنچادیا، شہباز شریف خود کہہ رہا ہے قرضے واپس نہیں کرسکتے، 6 ماہ پہلے کونسی قیامت آئی تھی؟ اکنامک سروے کے مطابق 17 سال بعد ہماری حکومت میں 6 فیصد گروتھ تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم سے پوچھتا ہوں کیا اب زرداری کے ساتھ بیٹھ کر خوش ہےَ؟ کیا زرداری نے کراچی کے مسئلے حل کر دیئے؟ بتاؤ! کراچی میں ہماری حکومت نہیں تھی اس کے باوجود گرین لائن بس سروس شروع کی، ہماری حکومت نے 15 سال سے رُکا کے فورمنصوبہ شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نظرآرہا ہے اندرون سندھ کے لوگ بھی حقیقی آزادی کے لیے تیاربیٹھے ہیں، اندرون سندھ کے لوگوں تیار ہو جاؤ، مارچ سے فارغ ہو جاؤں پھر اندرون سندھ، کراچی آؤں گا،زرداری مافیا نے اندرون سندھ کے لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے۔

مزید کہا کہ سندھی بھائیوں تیار ہو جاؤ، ایک، ایک ڈسٹرکٹ میں جاؤں گا، سندھ کو زرداری کی بیماری سے آزاد کریں گے۔


متعلقہ خبریں