فاٹا کی نوجوان نسل کی پاک فوج کی حمایت قابل تعریف ہے، آرمی چیف

فاٹا کی نوجوان نسل کی پاک فوج کی حمایت قابل تعریف ہے، آرمی چیف | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستانی سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فاٹا کی نوجوان نسل کی جانب سے پاک فوج کی حمایت قابل تعریف ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا کے یوتھ جرگہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بہادر قبائل کو خیبر پختونخوا میں انضمام پر مبارکباد بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے قبائلیوں کا درینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے توقع ظاہر کی کہ فاٹا کے انضمام سے علاقے میں امن و استحکام کا قیام اور سماجی اور اقتصادی ترقی ہوگی۔ آرمی چیف نے فاٹا کے انضمام میں نوجوانوں کے کردار کی تعریف کی۔

پاکستانی سپہ سالار کا کہنا تھا کہ خطے سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں نوجوان نسل نے اہم کردار ادا کرنا ہے۔

افواج پاکستان کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جانوں کی قربانیوں کے بعد امن قائم کیا ہے، اسے کسی صورت میں متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

پاک فوج کے سربراہ نے خبردار کیا کہ ملک دشمن قوتوں کی جانب سے امن کو متاثر کرنے کی کوششوں سے باخبر رہنا ہوگا۔

فاٹا یوتھ جرگہ سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے شرکاء کو افغان حکام کے ساتھ سرحدی علاقوں میں قیام امن کے لئے بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوان شرکاء کا نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان میں امن اور ترقی کے لئے مثبت کردار ادا کرتی رہے۔


متعلقہ خبریں