کراچی میں لُو کا نیا سلسلہ،  پارہ 45 تک جانے کا امکان


کراچی: کراچی میں رواں برس چوتھی مرتبہ لو چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران شہر کا درجہ حرارت  43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہر کراچی میں لو چلنے کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا۔ منگل کی صبح شہر کا  درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب  26 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پانی و بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب کراچی میں سحرو افطار میں بجلی کی بندش کے سبب شہریوں کو مشکلات اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقوں گلشن معمار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، ملیر، لانڈھی اور نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز  سمیت متعدد علاقوں  میں سحری کے دوران  بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس سے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ شہر میں بجلی کی خرابی کو لوڈ شیڈنگ کا نام نہ دیا جائے۔

دریں اثناء پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا درجہ حرارت 45  ڈگری سینٹی گریڈ  تک پہنچنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں منگل کی صبح بادلوں کے سبب نسبتا بہتر ماحول رہا ہے۔


متعلقہ خبریں