ہمیں بے خوف ہو کر آگے بڑھنا ہو گا، خرم دستگیر


اسلام آباد: وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہمیں بے خوف ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان میں پہاڑ اور بہترین نہری نظام موجود ہے اور پاکستان میں ہنرمندوں کی بھی کمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنر مندوں نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا اور پاکستان کا اصل چہرہ عوام ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریسکیو اور ریلیف سے متعلق چینی ماہرین کا تجربہ مفید ثابت ہو گا، وزیر اعظم

خرم دستگیر نے کہا کہ کچھ سال پہلے ترکی کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی تھی اور ان سے پوچھا آپ کی کیسے معیشت بہتر ہوئی تو انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا اپنے اندر سے طاقت دکھائیں اور ہم نے بے خوف ہو کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ ہم تو ذہنی اور معاشی طور پر کمزور ہو گئے ہیں، ہمیں بے خوف ہو کر آگے بڑھنا ہو گا اور باہر سے آکر کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے توقع ہے وہ تاریخ پر غور کریں کہ آج مسائل نے کہاں سے جنم لیا۔


متعلقہ خبریں