اقتدار میں اس لیے نہیں آئے کہ دہشتگردی سر اٹھائے، شیری رحمان


اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ ہم اقتدار میں اس لیے نہیں آئے تھے کہ دہشتگردی سر اٹھائے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں علم نہیں دہشت گردوں سے کس طرح سمجھوتہ کیا جاتا ہے اور پیپلز پارٹی کی دہشت گردی میں قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تو کہا تھا پاکستان کے باشندوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں لیکن یہ تو شرپسند بھی نہیں یہ مذہب کو استعمال کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقتدار کی جنگ بعد میں بھی لڑی جا سکتی ہے، خواجہ آصف

شیری رحمان نے کہا کہ جہاں آپریشنز ہو رہے ہیں ہمیں اعتماد میں لیا جائے اور بتایا جائے کدھر کدھر کیا ہو رہا ہے۔ 18 اکتوبر کے زخم نہیں بھولے اور آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر کیا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سر اٹھا رہی ہے اور ان کے غیر مسلح ہونے کے ثبوت ہمیں دیں۔

شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے لیے ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن بنایا جائے۔ ہم اقتدار میں اس لیے نہیں آئے تھے کہ دہشت گردی سر اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سوات آپریشن شروع ہوا تھا۔ انسانی حقوق کے معاملات پر آگے بڑھیں اور پارلیمنٹ کے پاس اختیارات ہیں، ہم نے ملک بچانا ہے اور اس کے لیے کام کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں