عوام بڑی تحریک کیلئے کمر کس لیں، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ عوام بڑی تحریک کے لیے کمر کس لیں۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی ہر طبقے کی نمائندگی کرتی ہے اور ہماری پارٹی میں عورتیں، بچے، امیر، غریب سب شامل ہیں۔ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے اور ہمیں امید ہے کہ لاکھوں نوجوان تحریک کا حصہ بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ پرامن ہو گا اور عوام بڑی تحریک کے لیے کمر کس لیں۔ ابھی ہم نے کال نہیں دی اور اسلام آباد کنٹینرز سے بھر دیا گیا ہے۔ ان کو لوگوں کی جان کی پرواہ ہی نہیں ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان پورے ملک کے طلبا سے بات کرتے ہیں اور لاکھوں نوجوان ہماری تحریک کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آپ چاہتے ہیں عوام بشریٰ بی بی اور فرح کی کرپشن کے ساتھ کھڑی ہو؟ مریم اورنگزیب

الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس طرح کام کر رہا ہے جیسے وہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ ہو۔ پاکستان کی تاریخ میں الیکشن کمیشن کا ادارہ اس طرح تباہ نہیں ہوا اور اب تمام جماعتیں الیکشن کمیشن کے کردار پر شک کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس پی ٹی آئی نہیں بلکہ تمام جماعتوں کا مسئلہ ہے۔ اعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ سینئر سینیٹرز سے شکوہ ہے کہ ان کے ساتھی سینیٹر کو اٹھایا گیا اور وہ خاموش رہے۔ سینیٹر کو اٹھانا صرف پی ٹی آئی کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ایوان کا مسئلہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جمہوریت سے احتجاج نکال دیا جائے تو یہ جمہوریت رہے گی ہی نہیں اور اگر یہ الیکشن کا اعلان کرتے ہیں تو مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔ کبھی نہیں کہا کہ ہم ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں