فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا تکمیل پاکستان ہے، حماد صافی

فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا تکمیل پاکستان ہے، حماد صافی | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: ننھے پروفیسر یا قبائلی لٹل ماسٹر کے نام سے پکارے جانے والے حماد صافی نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کو تکمیل پاکستان قرار دے دیا۔

کے پی میں فاٹا کے انضمام کا تاریخی بل منظور ہونے پر قبائلی لٹل ماسٹر بھی خوشی سے پھولے نہیں سمائے۔ حماد صافی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ان کی ایک بڑی تمنا پوری ہوئی ہے۔

کم سن قبائلی پروفیسر حماد صافی کہنا ہے کہ اب قبائلی عوام کی محرومیاں ختم ہوجائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے بعد فاٹا میں صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔

پشاورکے نجی انسٹیٹیوٹ میں پڑھانے والے دس سالہ پروفیسر نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ خود کو یہاں اجنبی محسوس نہیں کرتے۔

پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ، پر یقین رکھنے والے حماد صافی کا کہنا ہے کہ ان کا یقین فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے سے پورا ہوگیا ہے۔

لٹل ماسٹر کو خوشی ہے کہ اب وہ قبائلی نہیں پاکستانی کہلائے گا جس پر اسے فخر ہے۔ وہ بہت جلد اپنے آبائی علاقے میں جاکر لیکچر دینے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔


متعلقہ خبریں