نئے سینما کے قیام اور فنکاروں کو مراعات کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، مریم اورنگزیب


استنبول: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلمی صنعت میں تعاون کو فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستانی فلموں کی نمائش کے لیے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کی شرکت کا اعلان بھی کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام میں تعاون اور ترکیہ یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے حوالے سے اجلاس ہو گا جس میں تاریخ کا تعین ہو گا۔ پاکستان میں تیار ہونے والی 3 نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔ 1970 کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فلم بنانے والا ملک تھا تاہم 2008 میں فلم صنعت کی بحالی کا کام شروع ہوا اور ملکی تاریخ کی پہلی فلم اینڈ کلچر پالیسی تشکیل دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا ازخود ایکسٹنیشن نہ لینےکا فیصلہ خوش آئند ہے، شیخ رشید

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کو ٹیکس میں استثنیٰ اور نئی فلمیں بنانے کے لیے مالی معاونت کی سہولت دی گئی جبکہ پاکستان میں فلموں کی تیاری پر 70 فیصد تک ٹیکس میں رعایت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، معیار، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے اور نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ بین الاقوامی ورکشاپس میں بہترین ساکھ کے حامل پروڈیوسرز کو بلائیں گے۔


متعلقہ خبریں