ارشد شریف کا قتل، جی ایچ کیو کا انکوائری کیلئے خط، وزیر اعظم کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان


اسلام آباد: سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر جی ایچ کیو نے انکوائری کے لیے حکومت پاکستان کو خط لکھا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔

جی ایچ کیو نے حکومت پاکستان کو لکھے گئے خط میں  سینئر صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کی درخواست کی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور الزامات لگانے والوں کے خلاف بھی آئین پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔

ادھر وزیرعظم شہبازشریف نے  جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز کینیا میں صحافی ارشد شریف کے ساتھ اندوہناک واقعہ پیش آیا،یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل کینیا کے صدر سے بات کی تھی،میں نے کینیا کے صدر سے گزارش کی تھی وہ تحقیقاتی رپورٹ فوری بھجوائیں۔

کینیا کے صدر سے ارشد شریف کی میت کی روانگی کےلیے کردار ادا کرنے کا کہا،کینیا کے صدر نے یقین دلایا کہ وہ معاملے سے متعلق کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے۔

کینیا کے صدر نے ارشد شریف کی موت پر مجھ سے اظہار افسوس کیا،آج فیصلہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کرائیں گے۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاتھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافی ارشد شریف کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہائیکورٹ جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کمیشن کے سربراہ حقائق کے تعین کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی رکن لے سکیں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے تھے کہ ارشد شریف کا قتل 2 الگ ممالک کا معاملہ ہے اور ابھی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل دینے کی ضرورت نہیں، ریاستی ادارے اس معاملے کو زیادہ بہتر حل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کے کام سے دنیا واقف تھی، مکمل تحقیقات کی جائیں، امریکا

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینئر صحافی ارشد شریف کو کینیا میں فائرنگ کر کے جاں بحق کر دیا گیا تھا۔ ارشد شریف پر کینیا پولیس نے فائرنگ کی تھی۔ ارشد شریف کی میت منگل کی رات پاکستان پہنچے گی۔


متعلقہ خبریں