پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں نہ کرنے پر اتفاق


اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپیشنز (ڈی جی ایم اوز)  نے 2003 کے سیز فائرمعاہدے پرعملدرآمد پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا ہے کہ آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی  نہیں کی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن  پررابطہ ہوا جس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں طرف سے امن کے قیام اور سرحد پر شہریوں کی مشکلات کم کرنے پراتفاق کیا گیا، ڈی جی ایم اوز نے 2003 کے سیز فائرمعاہدے پرعملدرآمد پر بھی اتفاق کیا  اور کہا  کہ آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ایم اوزنے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال پر تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاٹ لائن  پر رابطہ کیا جائے گا جبکہ مقامی کمانڈرز کسی بھی مسئلے پر فلیگ میٹنگ کیا کریں گے۔

اس سے قبل جنوبی ایشیا اورسارک ڈیسک کے قائم مقام  ڈائریکٹر جنرل نے بتایا تھا کہ 2018 میں بھارت اب تک سیزفائر معاہدے کی 415 خلاف ورزیاں کرچکا ہے، 2017 اس حوالے سے بد ترین سال رہا جب بھارت کی طرف سے سیز فائرکی 1300 خلاف ورزیاں کی گئیں جن کے نتیجے میں 100 افراد شہید ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں