میں نے پوری کوشش کی، خفیہ ہاتھ نے بڑے مجرموں کو بچایا، عمران خان


گوجرانوالہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹا چور جیل میں اور بڑا وزیر اعظم بن جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی بائی پاس گوجرانوالہ پہنچنے پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو اسلام آباد پہنچنا ہو گا۔ معاشرے میں انصاف خوشحالی سے مشروط ہے اور مضبوط معاشرے میں یکساں انصاف ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط معاشر ے میں امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہوتا ہے۔ سنگاپور غریب ملک تھا تاہم ان کا لیڈر آیا اور انصاف پر مبنی فیصلے کیے لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں انصاف نہیں۔ چھوٹا چور جیل میں ہوتا ہے اور بڑا وزیراعظم بن جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو 16 ارب روپے مقدمے میں سزا ہونا تھی لیکن شہباز شریف کے کیسز ختم کروائے گئے۔ شہباز شریف کیسز میں 4 گواہان تھے جو 2 ماہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک طاقتور مجرم کو سزا نہ ہو اور میں نے 4 سال میں بڑی کوشش کی کہ بڑے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لاؤں لیکن میں بڑے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر کامیاب نہیں ہوا۔ خفیہ ہاتھوں نے بڑے مجرموں کو سزا نہیں ہونے دی۔

یہ بھی پڑھیں: 10 ہزار بندے لا کر 2 لاکھ لوگوں کی زندگی اجیرن نہیں بنائی جا سکتی، چیف جسٹس

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کون سی قیامت آئی کہ 6 ماہ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی اور مجرموں کو کس نے اقتدار پربٹھایا؟ ان کے کیسز جلدی جلدی ختم ہوئے۔ مجرموں کو اقتدار میں لانے والے کون ہیں؟

انہوں نے کہا کہ مریم نواز، شہباز شریف، آصف زرداری اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز ختم کیے گئے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف نے ان کو مجرم کہا تھا اور پھر این آر او دیا۔ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا۔ میں غلامی پر موت کو ترجیح دیتا ہوں۔


متعلقہ خبریں