الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی پر وضاحت طلب کرلی


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بھرتیوں پرپابندی کے باوجود چیئرمین الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی تعیناتی پر وزارت اطلاعات و نشریات سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کی درخواست الیکشن کمیشن نے قبول نہیں کی تھی اس لیے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی الیکشن کمیشن سے بھرتی پرعائد پابندی ختم ہونے کے بعد عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے مرزا سیلم بیگ کو پیمرا کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اس فیصلے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔

مرزا سیلم بیگ کی تعیناتی کی منظوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دی تھی۔

نئے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا معاملہ اس وقت درپیش آیا جب  گزشتہ برس احمد منیر نامی شخص نے ابصارعالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کو لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تقرری اقربا  پروری اور میرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ وہ اپنے اسکیل سے کئی گنا زائد تنخواہ وصول  کررہے ہیں۔ جس پر لاہور ہائی  کورٹ  نے 18 دسمبر 2017  کو ابصارعالم کی تعیناتی کالعدم  قرار دے دی تھی۔


متعلقہ خبریں