دارالحکومت میں بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا کے لیے اسلام آباد میں بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں لانگ مارچ کے شرکا کے اسلام آباد میں قیام کے لیے بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کیا۔ خواتین کے لیے محفوظ اور سہولیات سے آراستہ الگ قیام گاہ کی تعمیر کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارچ کے لاکھوں شرکا کے قیام کے لیے ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا اور خیمہ بستی میں خوراک کی تیاری کے لیے الگ حصے مختص کیے جائیں گے جبکہ مارچ کے شرکا کے لیے خیمہ بستی میں سیکڑوں بیت الخلا بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: راناثنااللہ کو دماغی علاج کی ضرورت ہے ، فواد چودھری

اسلام آباد کی خیمہ بستی میں مختلف مقامات پر خصوصی طبی کیمپس لگائے جائیں گے اور خیمہ بستی میں کئی روز تک کے قیام کے لیے خوراک و بستر کے ذخیرے کے لیے اسٹورز قائم ہوں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ خیبر پختونخوا، راولپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن کے لانگ مارچ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا ہے اور کوئی شک نہیں کہ 11 نومبر کو اسلام آباد میں تاریخی اجتماع ہونے جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 28 اکتوبر کو لاہور سے شروع ہوا تھا جو بذریعہ جی ٹی روڈ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔


متعلقہ خبریں