وزیراعظم کی عمران خان پر فائرنگ کی مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب


اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزیرآباد میں عمران خان پر ہونے والی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، اسپتال منتقل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ہدایت کی ہے کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فائرنگ کے واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عمران خان خیریت سے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فائرنگ کے واقعے کی وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز سے بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں گولی لگی ہے،وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ سب کو حفظ و امان میں رکھے، آمین۔

حمزہ شہباز نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے انتظامات کی بابت آگاہ کرے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر پر کی جانے والی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ملے گی یا نہیں ؟ فیصلہ محفوظ

آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔


متعلقہ خبریں