عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ملک بھر میں احتجاج، سڑکیں بلاک


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر کے شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور سڑکیں بلاک کر دیں۔

کراچی پاور ہاؤس چورنگی سے فور کے چورنگی کی جانب مظاہرہ کیا گیا اور سروس روڈ بند کر دی گئی۔راولپنڈی میں بھی عمران خان پر حملے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے۔ مظاہرین کی جانب سے حکومت مخالف نعرہ بازی کی گئی۔

فیض آباد کے مقام پر مری روڈ بلاک کر دیا گیا جب کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے پوزیشنز سنبھال لی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی میں وتہ خیل چوک پر کارکنوں کی طرف سے احتجاج اور روڈ بلاک کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی کارکنان اور میانوالی کے شہریوں کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی جاری ہے۔

حافظ آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف فوارہ چوک میں کارکنوں نے احتجاج کیا ہے۔پی ٹی آئی کارکنان نےحکومت کے خلاف شدید نعارے بازی کی ہے ۔ کارکنان نے فوراہ چوک کو بلاک کر دیا ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئی۔

کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور، ملتان، سیالکوٹ، حیدرآباد، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں