وفاقی کابینہ کا آخری اجلاس، متعدد اہم منصوبوں کی منظوری


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں متعدد اہم منصوبوں اور پروگرامز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے، اجلاس میں پانچ سالہ قومی داخلی سلامتی پالیسی 23-2018 کے ساتھ  ساتھ  نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی 2018 اور نیشنل فلمز اور نیشنل کلچر پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس کے دوران ڈومیسٹک  پروازوں کے لئے کے ٹو ایئرویز کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ حقوق دانش بورڈ کی  تشکیل نو اور مجیب احمد خان کی بطور چئیرمین حقوق دانش کونسل  تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے لاہور، ملتان، ایبٹ آباد بینکنگ کورٹس کے لیے ججز کی تعیناتی، او پی ایف بورڈ آف گورنرز میں توسیع  اور ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے چار رکنی بورڈ آف گورنرز کی بھی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے لئے خالی رسید کے بجائے چیکس جاری کیے جائیں، اس کے ساتھ  ساتھ  چاولوں کی تجارت سے متعلق پاکستان اور فلپائن کی وزارت تجارت کے درمیان معاہدے کی منظوری بھی دی گئی۔


متعلقہ خبریں