شرم ہوتی تو مستعفیٰ ہو جاتے، عثمان ڈار کا خواجہ آصف کو جواب


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شرم ہوتی تو بطور وزیر دفاع آپ کو مستعفیٰ ہو جانا چاہیے تھا۔

پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ خواجہ آصف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حملے پر سیاسی بیان بازی جیسی گھٹیا حرکت سے گریز کریں اور اپنے فضول تجزیے سے واقعے کے اصل حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کو مذہبی جنونیت کا رنگ دے کر اصل مجرمان کو کور اپ دیا جا رہا ہے اور اگر شرم ہوتی تو بطور وزیر دفاع آپ کو اب تک مستعفی ہو جانا چاہیئے تھا۔ خواجہ آصف کی پوری سیاسی زندگی عمران خان کے ایک دن کی جدوجہد کے برابر بھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوکت خانم کے باہر سے مشکوک شخص گرفتار کر لیا گیا

عثمان ڈار نے کہا کہ عمران خان عالمی پائے کا لیڈر ہے اور اس کی جان کا نقصان پاکستان کا نقصان ہو سکتا تھا۔ واقعے کی حساسیت اور اپنے دو نمبر تجزیوں کو دیکھ کر شرم کریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے پیچھے آپ کی لیڈر شپ براہ راست ملوث ہے۔ مارچ سے خوفزدہ سیاسی قیادت عمران خان کو منظر نامے سے ہٹانے کی پلاننگ کر رہی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پر امن مارچ کو سبو تاژ کرنے کا منصوبہ کس نے اور کہاں بنایا سب سامنے آ رہا ہے۔ آپ شہید افراد کی مالی مدد کے نام پر بھی سیاست کر رہے ہیں تاہم آنے والے دنوں میں عمران خان مزید حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں