چار اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتخابات سے قبل چاراضلاع کی حلقہ بندیوں کو کالعدم  قراردے دیا ہے جبکہ پانچ پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے، جن اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قراردی گئی ہیں ان میں جہلم، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ  اور لوئردیر شامل  ہیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو سن کر دوبارہ حلقہ بندیاں کی جائیں اور ہرنشست پرآبادی کے تناسب کو مدنظر رکھا جائے۔

عدالت نے جہلم، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ  اور لوئر دیرمیں حلقہ بندیاں کالعدم  قراردے دیں جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان، چکوال، بٹگرام اور ہری پور سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 40 سے زائد درخواستوں پر سماعت کی، پٹیشنرز کا تعلق مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

درخواستوں میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں کی گئی حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ حلقہ بندیاں سیاسی بنیادوں پر کی گئیں اور قواعد کو نظرانداز کیا گیا۔

حلقہ بندیوں سے متعلق 108 درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں جبکہ 20 حلقوں سے متعلق 37 درخواستوں پربدھ کوسماعت ہو گی۔


متعلقہ خبریں