ہم نیوز فیکٹ چیک: سلیم صافی کا ٹویٹ، اصل معاملہ کیا؟


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ پر حملہ ہوا، آئی ایس پی آر کی طرف سے مذمتی بیان جاری کیا گیا، اس دوران ایک سینئر صحافی نے وہ بیان ٹویٹ کیا تو اس پر لکھا وقت حملے سے بھی پہلے کا درج تھا، سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر تقریبا 4 بج کر 10 منٹ پر وزیرآباد میں حملہ ہوا، پاک فوج کے ترجمان کی طرف سے  6 بج کر 49 منٹ پر مذمتی بیان جاری کیا گیا، اس دوران سینئر صحافی سلیم صافی نے بیان کا سکرین شاٹ لیا اور ٹویٹ کر دی۔


سلیم صافی کی ٹویٹ پر ایک بج کر 49 منٹ کا وقت درج تھا، سوشل میڈیا صارفین نے آو دیکھا نہ تاو، بس ان پر الزامات کی بھرمار کر دی، ایک صارف نے لکھا کہ منصوبہ بندی اتنی ناقص تھی کہ ٹویٹ حملے سے بھی پہلے کر دی گئی۔

کسی نے لکھا کہ یہ پہلے سے پلاننگ تھی، بیان جاری کرتے ہوئے وقت کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔

ہم نیوز فیکٹ چیک

آخر یہ ماجرا ہے کیا؟ ہم نیوز فیکٹ چیک نے معاملے کو کریدنے کی کوشش کی تاکہ حقائق کوعوام کے سامنے رکھا جائے۔

عمران خان پر حملے کا وقت، پھر آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کا وقت اور اس ٹائم سے بھی پہلے سلیم صافی کی ٹویٹ کا وقت ہونا واقعی ایک مشکوک عمل تھا۔

ہم  نیوز فیکٹ نے معاملے کو جاننے کے کوشش کی تو معلوم ہوا کہ سینئر صحافی سلیم صافی ایک برطانیہ میں موجود ہیں اور پاکستان اور اس ملک کے وقت میں پانچ گھٹنے کا فرق ہے۔

آئی ایس پی آر نے 6 بج کر 49 منٹ پر میسج کیا، انہوں نے میسج کو ٹویٹ کے ساتھ ایمبیڈ کیا اور ان کے موبائل نے مقامی وقت اٹھایا اور ایک بج کر 49 منٹ شو ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد پھر سلیم صافی کی طرف سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے ایک اور سکرین شاٹ شیئر کیا اور ساتھ وضاحت بھی لکھ دی۔ ان کے سکرین شاٹ پر 8 بج کر ایک منٹ درج تھا۔


سلیم صافی کی وضاحت آنے کی دیر تھی کہ ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین میدان میں آ گئے اور نئے نئے سوالات اٹھا دیئے۔

صارفین نے پوچھا کہ اگر آپ بیرون ملک ہیں تو پھر سکرین شاٹ پر 8 بج کر ایک منٹ کا وقت کیسے آ گیا؟


ہم فیکٹ چیک اس معاملے پر بھی متحرک ہوا اور سلیم صافی سے ٹیلی فون پر بات کی جس سے معلوم ہوا کہ وہ واقعتا لندن میں ہیں، انہوں نے آئی ایس  پی آر کی طرف سے جاری بیان کے بعد ٹویٹ کی، پھر ان پر تنقید ہوئی تو ان کے پاکستان میں موجود ایک دوست نے انہیں اپنے موبائل سے سکرین شاٹ لے کر بھیجا جس پر 8 بج کر ایک منٹ درج تھا۔

سلیم صافی نے وہ سکرین شاٹ لگایا اور اپنا وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ ہم نیوز فیکٹ چیک کے مطابق ٹویٹ حملے کے بعد ہی کی گئی تھی اور اس میں کسی بھی قسم کی منصوبہ بندی شامل نہیں تھی۔


متعلقہ خبریں