مارنے کی کوشش کی گئی، 4 گولیاں لگیں،ٹھیک ہوتے ہی پھر نکلوں گا، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آپریشن کے بعد پہلی بار منظر عام پر آ گئے۔ کہتے ہیں کہ انہیں مارنے کی کوشش کی گئی اور چار گولیاں لگیں۔،ٹھیک ہوتے ہی پھر نکلوں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قاتلانہ حملے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے مارنے کی کوشش کی گئی،ایک روز پہلے پتہ چل گیا تھا مجھے وزیر آباد یا گجرات میں مارنے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ  پچھلے چھ ماہ کی تفصیل آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں،ان کا کہنا تھا کہ  امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے مجھے ہٹانے کی دھمکی دی،اگلے روز پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کرا دی گئی،اراکین پارلیمنٹ کی منڈی لگی ہوئی تھی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اراکین کو خریدنے کیلئے چوری کا پیسہ لگایا گیا،ہم نے عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے لوگوں کو نہیں خریدا،سب نے سمجھا تحریک انصاف کی قبر کھودی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ملک بھر میں احتجاج، وکلا کی ہڑتال

عدم اعتماد کے بعد لاکھوں لوگ احتجاج کرنے کیلئے باہر نکلے،پاکستانی قوم نے وہ کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا،10اپریل کو جس طرح لوگ سڑکوں پر نکلے میں حیران ہو گیا،مجھے عوام اسلئے ووٹ دیتے ہیں کہ لوگ ان سے تنگ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ وہ کہتے ہیں ہم نیوٹرل ہو گئے ہیں، نیوٹرل کا کوئی بھی مطلب لے لیں، مجھے عوام میں ہی واپس جانا تھا،عوام نے جتنی پذیرائی دی، اس پر حیران ہوں۔

25مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا جس میں عوام نے بھرپور شرکت کی، ہمارا لانگ مارچ روکنے کیلئے انہوں نے گھروں میں گھس کر تشدد کیا، انہوں نے ہماری حکومت میں 3 لانگ مارچ کئے، کیا ان کے لئے لانگ مارچ جائز اور ہمارے لئے حرام ہے؟ قوم نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان کا پلان تھا کہ عمران خان پر حملہ کریں اور اسے مذہبی رنگ دے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ارشد شریف کے پیچھے کون پڑے تھے۔کس نے دوبئی چھوڑنے پر مجبورکیا،ارشدشریف کے ساتھ جو ہوا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پتہ ہے کیا ہو رہا ہے، ضمنی انتخاب میں 9 نشستوں پر کھڑا ہوا، 9میں سے8 سیٹو ں پر جیتا ، ورلڈ ریکارڈ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اِنہوں نے مجھے قتل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،چار لوگوں نے مجھے مروانے کا فیصلہ بند کمرے میں کیا، میں نے ویڈیو بنوا کر رکھی ہوئی ہے، کہا ہے مجھے کچھ ہوا تو ریلیز کر دینا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے گولی سازش کے تحت لگی،انہوں نے عمران خان کا سلمان تاثیر ٹائپ قتل کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے میری کچھ ویڈیوز بنوائیں، ن لیگ والوں نے ویڈیوز سوشل میڈیا پر چلائیں،جو کچھ وزیرآباد میں ہوا یہ 24ستمبر کو بتا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین الگ لوگوں نے مجھے مارنے کاپلان بنایا، وزیرآباد پہنچنے سے ایک دن پہلے انہوں نے مجھے مارنے کا پلان بنایا، مجھے یقین تھا عوام سمندر کی طرح باہر نکلیں گے۔ یہ عوام کو نہیں روک سکتے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک برسٹ چلا تو میری ٹانگ پر گولیاں لگیں،جب گرا تو ایک اور برسٹ چلا، گولیاں میرے اوپر سے گزریں، اگر میں نہ گرتا تو پھر میں نے بچنا ہی نہیں تھا،اوپر جو بیٹھا تھا اس نے سوچا ہو گا کہ میں مر گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک تو پکڑا گیا، لیکن یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہوا، جس نوجوان نے ملزم کو پکڑا،اسے سلام پیش کرتا ہوں، نوجوان نے بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو پکڑا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس قوم کے سامنے 2 راستے ہیں ،پرامن انقلاب یا خونی انقلاب ، عوام میں شعورآگیا ہے،اب لوگ اٹھ کھڑے ہوگئے ہیں،اگر مجھے سامنے سے گولی لگ جاتی تو 20 منٹ میں مرجاتا۔

انہوں نے کہا کہ زرداری کو سندھ میں ہرا کر دکھاؤں گا،سندھ کے لوگ زرداری سے تنگ ہیں، شریف خاندان کسی بھی سیٹ پر مجھ سے مقابلہ کر لے،نواز شریف واپس آئے اور پنجاب میں کسی بھی سیٹ پر میرا مقابلہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب اس ملک کو بچائیں، جیسے ہی میں ٹھیک ہوں گا پھر باہر نکلوں گا، اپنے مستقبل کیلئے آپ نے کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا، ٹھیک ہونے کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا،قوم نے چوروں کے ساتھ نہیں چلنا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، اسپتال منتقل

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا کہ 17جولائی کے ضمنی الیکشن میں حکومتی مشینری استعمال کی گئی اور الیکشن کمیشن نے ان کی مدد کی۔

اس سے پہلے ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ گولی لگنے سے عمران خان کے گھٹنے سے نچلی ہڈی متاثر ہوئی، ایکسرے میں عمران خان کی ٹانگ پر فریکچر واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔

ایک گولی ٹانگ کی بڑی شریان کے بہت قریب سے گزری،سرجری کے ذریعے شریان کے قریب لگنے والے گولی کے ٹکڑے نکال دیئے گئے ہیں۔

 


ٹیگز :
متعلقہ خبریں