پی کے ایل آئی لاہور میں پہلا کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ


لاہور: پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق گردوں کی بیماری میں مبتلا مستحق مریض کی سالگرہ کے دن کڈنی ٹرانسپلانٹ کیا گیا جبکہ آپریشن اسپتال کے سی ای او اور صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر کی سربراہی میں انجام پایا۔

مقامی ذرائع کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ، ضلع گوجرانوالہ کا رہائشی 34 سالہ مریض پیشے کے لحاظ  سے ٹیچر ہے اور اس کی بہن نے اسے گردے کا عطیہ دیا، جس دن اس کا آپریشن کیا گیا وہ اتفاق سے مریض کی سالگرہ کا دن بھی تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ہیں۔

2017 میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ  لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد مستحق مریضوں کا 100 فیصد مفت علاج کرنا ہے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا تھا کہ ‘ جب مجھے کینسر جیسے مرض کا سامنا کرنا پڑا تھا  تو امریکہ علاج کرانا پڑا لیکن پاکستانی عوام کو باہر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ خطے کے پہلے کڈنی اینڈ  لیور سینٹر میں پورے پاکستان کے لوگوں کا علاج کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں