لوگوں کو مسائل کے حل کے لیے تھانے نہیں جانا پڑے گا۔ آئی جی سندھ


سکھر: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے اب تھانے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بہت سے کام سہولت مرکز سے ہی ہوجائیں گے، پولیس افسران نیک نیتی سے کام کریں تو یہ ایک پیغمبرانہ  پیشہ  ہے۔

آئی جی سندھ نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سہولت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے، اپنے لگائے ہوئے پودے کو درخت بنتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے دوسرے شہروں میں پولیس کی بہتری کو اپنا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالائی سندھ میں پولیس کو اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں اور معاشرے کو جرائم سے پاک کریں۔

آئی جی سندھ نے منصوبے کے لیے فنڈز جاری کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کو ایک جیسی سہولت دی جائے گی اور ٹریفک مسائل کے لیے بھی جامع منصوبہ تشکیل دے رہے ہیں۔

آئی جی سندھ  نے چیلنچ  کرتے ہوئے کہا کہ ایکسائز ریونیو سمیت جتنے بھی محکمے ہیں ان میں پولیس کے محکمے میں سب سے زیادہ احتساب ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں