اعتزاز احسن کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے، عمران خان

عمران خان کی طبیعت پوچھنے گیا تھا، ایف آئی آر پر بات نہیں ہوئی، اعتزاز احسن

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر وکیل اعتزاز احسن نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ اعتزاز احسن کو17 سال پہلے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی کیونکہ ہمارا اور اعتزاز احسن کا نظریہ ایک ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے۔ اعتزاز احسن میرے وکٹ کیپر ہوا کر تے تھے وہ کرکٹ کو بخوبی جانتے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ جب عمران خان پر فائرنگ ہوئی تو اس وقت ٹی وی دیکھ رہا تھا اور ملزم نوید کے ویڈیو بیان کے بعد مجھے فون آیا تو میں نے کہا طوطا بول رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انقلاب کی باتیں کرنے والے اپنی مرضی کی ایف آئی آر نہ کرا سکے، وزیر داخلہ

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اعتزاز احسن کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اعتزاز احسن کی پریس کانفرنس کے بعد یہ تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔ جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بدستور پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اُن کی پرانی دوستی ہے اور لاہور کے زمان پارک میں اُن کے گھر اور عمران خان کے گھر کی دیوار تک ایک ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں