مصطفیٰ قریشی کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ


کراچی: پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکارمصطفیٰ قریشی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ مصطفیٰ قریشی پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان بہت جلد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی فلموں میں ولن کے کرداروں سے شہرت کی بلندیاں چھونے والے مصطفیٰ قریشی  کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعوت افطار پرملاقات کے دوران دی۔

فلم اسٹار محمد علی (مرحوم) کی طرح ریڈیو حیدرآباد سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے مصطفیٰ قریشی نے اپنے وقت کی مشہور گلوکارہ روبینہ قریشی کو شریک سفر بنایا۔ ابتدا سے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے عملی و نظریاتی ساتھی رہے۔

اسلامی تاریخ میں ایم اے کرنے والے مصطفیٰ قریشی نے 40 سالہ فلمی سفر کے دوران 600 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ تاریخ ساز پنجابی فلم ’ مولا جٹ‘ میں انہوں نے ’نوری نت‘ کے کردار کو لازوال کردیا۔

پاکستان فلم انڈسٹری پہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے انمٹ نقوش ثبت کرنے والے مصطفیٰ قریشی کا شمار بھی ان افراد میں کیا جاتا ہے جو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سے خود کو پی پی پی میں ’اجنبی‘ محسوس کررہے تھے۔ انہوں نے طویل عرصے سے سیاسی و ثقافتی میدان میں خاموشی اختیارکررکھی تھی۔

سندھ اسمبلی میں انتہائی متحرک رکن اسمبلی کے طور پر اپنی شناخت بنانے والے خرم شیرزمان خان کو پارٹی نے کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں تفویض کیں۔  انہیں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر بھی نامزد کیا گیا۔

گزشتہ دنوں عامر لیاقت حسین کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر سینئر اداکارعابد علی نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ ماضی میں بھی پی ـٹی آئی کے ساتھ متعدد فنکارشریک سفر رہے ہیں، بہت سے آج بھی ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی اورلاہور سے تعلق رکھنے والے سینئر اداکاروں کی بڑی تعداد جلد ہی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق سینئراداکاروں نے باقاعدہ بات چیت میں کہا کہ عمران خان ذات کے لیے نہیں قوم کے لیے سب کچھ کررہے ہیں اور وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے جذبے اور سچائی کے ساتھ ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں