تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں کا زلفی بخاری کی قیادت میں احتجاج جاری ہے، اسلام آباد ٹول پلازہ پر پشاور موٹر وے کو بند کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایم ون موٹروے اسلام آباد ٹول پلازہ پر احتجاج کیا اورموٹروے پر اسلام آباد آنے اور جانے والے راستے بند کردیئے گئے۔
زلفی بخاری نے اعلان کیا کہ عمران خان کا حکم ملنے تک موٹروے ایم ون انٹرچینج بند رہے گی،لاہور اور پشاور سے موٹروے کے ذریعے گاڑیاں اسلام آباد داخل نہیں ہوں گی۔
زلفی بخاری نے کہا کہ فتح جنگ روڈ اور موٹروے ایم ون انٹرچینج پر بیک وقت دھرنا جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ زلفی بخاری کی قیادت میں قومی شاہراہ فتح جنگ کے مقام پر چار دن دھرنا جاری ہے اور دوسری طرف لاہور سے اسلام آباد آنے والی موٹر وے ایم ٹو بھی دو روز سے بند پڑی ہے۔