ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے اچھا موقع نہیں ملے گا، رمیز راجہ


چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور رضوان سے متعلق بہت میسجز آئے کہ انھیں تبدیل کریں،کارکردگی اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، میں نے ایک کام کیا کہ اس ٹیم سے پنگا نہیں لیا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ نیدرلینڈز کا شکریہ ادا کرنا پڑے گا، بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا، انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیل چکے ہیں، فینز کو ٹیم سے بہت امیدیں ہیں، مشکل صورتحال میں بھی پاکستانی ٹیم ایک بن کر رہی۔

انہوں نے بتایا کہ 1992کا فائنل جیتنے کے بعد میلبرن گراونڈ نہیں گیا، 30 سال بعد آج یہ گراونڈ دیکھوں گا، روانگی سے قبل کہا تھا یہ ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے لیکن پی سی بی میں میرے اس بیان کو اچھا نہیں سمجھا گیا تھا، کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے 1992 کی یادیں شیئر کیں، 1992میں جو کپتان عمران خان نے  تقریر کی تھی وہی کھلاڑیوں کے سامنے دہرائی ہے، کھلاڑیوں کو کہا کہ یہ موقع پھر نہیں آنا، گراونڈ میں اپنا سو فیصد دیں، 1992کے فائنل سے قبل ہم تھوڑا خوفزدہ تھے لیکن یہ لڑکے دلیر ہیں دباو نہیں لے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا امکان

بابر اعظم سمیت ہر کھلاڑی سے کہا کہ زندگی میں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں، ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے اچھا موقع نہیں ملے گا۔

تنقید کرنے والوں کے بارے میں چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ تنقید کریں لیکن ہاتھ ذرا ہلکا رکھیں، میں ٹی وی شوزنہیں دیکھتا لیکن علم ہو جاتا ہے، سب کی اپنی رائے ہے جس کی عزت کرتا ہوں، ایجنڈا بیس شو یا رائے نہیں ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں