بارش! شائقین کا میدان بدلنے کا مطالبہ


پاکستان اور انگلینڈ کا ورلڈ کپ فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا تو شائقین کرکٹ نے آئی سی سی سے وینیو ہی بدلنے کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ تو بنا لی مگر میلبرن میں کرکٹ کھیلنے کے لیے موسم زیادہ سازگار نہیں، آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق میلبرن میں اتوار کے روز 95 فیصد بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے میچ کے متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

شائقین کرکٹ کو پرامید تو ہیں کہ بارش فائنل میچ کے لیے خطرہ نہیں بنے گی تاہم انہوں نے آئی سی سی سے وینیو تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ شائقین کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کے بجائے کسی دوسرے مقام پر کرانے کی تجویز دے دی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ میلبرن کی جگہ فائنل ایڈیلیڈ یا سڈنی میں کھیلا جانا چاہیے، ایک صارف نے کہا کہ آئی سی سی کو اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ جب پتا ہو بارش ہوگی تو وینیو بدل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا امکان

ایک کرکٹ پرستار نے لکھا کہ میلبرن کا موسم کسی بھی وقت خراب سے ٹھیک اور ٹھیک سے خراب ہو جاتا ہے۔ سو گھبرانا نہیں ہے، نہیں ہو گی بارش۔

میلبرن ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل خراب موسم کی زد میں رہا ہے جس کے باعث تین میچ ایک بھی گیند کیے بغیر ختم کرنے پڑے ہیں، آئی سی سی کے مقابلوں میں ایسا صرف ایک مرتبہ ہوا ہے کہ دو ہزار دو میں بھارت اور سری لنکا کے فائنل میں دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائی ہوں۔

واضح رہے پاکستان 13 سال بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکا ہے، جہاں 13 نومبر یعنی اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ ورلڈ کپ کی اس آخری جنگ میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے، لیکن فائنل میچ  بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے، ریزرو ڈے پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح میچ کو شیڈولڈ دن پر ہی مکمل کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق میچ اننگز میں کم از کم دس، دس اوورز کا کھیل کھیلے جانے پر ہی  میچ کمل تصور کیا جاتا ہے،  بارش کی صورت میں میچ ریزرو ڈے پر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے وہ رکا تھا۔

اگر بارش کی وجہ سے بالکل بھی کھیل ممکن نہ ہوا تو پھر دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں