1992 کی تاریخ دھرائی نہ جا سکی، انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا


میلبرن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

میلبرن کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 138 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی رنز پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے ایلکس ہیلز کو ایک رن پر بولڈ کر دیا۔

32 کے مجموعی رنز پر انگلینڈ کا دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ فل سالٹ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہ حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد نے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر 45 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بٹلر نے 17 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور حارث کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے 84 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

ہیری بروک 23 گیندوں پر 20 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر انگلینڈ نے بلے بازی کے لیے معین علی کو بھیجا جنہوں نے آتے ساتھ ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب تجربہ کار بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث 16 واں اوور مکمل کئے بغیر باہر چلے گئے۔

افتخار احمد نے ان کی جگہ بولنگ کرائی جن پر انگلش بیٹرز نے اٹیک کیا اور انہیں اس اوور میں 13 رنز پڑ گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے تجربہ کار آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے میچ وننگ اننگز کھیلی اور 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حارث نے دو جب کہ شاداب، شاہین اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ خراب موسم کے باعث بلے بازوں کو کھیلنے میں دشواری رہی ۔ بلے باز نہایت محتاط ہو کر کھیلے۔

پاکستان نے 19 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 131 رنز بنا لیے۔ 29 کے مجموعی رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، محمد رضوان 14 گیندوں پر 15 رنز بنا کر سیم کرن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ محمد حارث 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 38 رنز بنا کر راشد کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 38 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان بھی جلد پویلین لوٹ گئے انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ محمد نواز بھی 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد وسیم صرف 4 رنز بنا سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

ٹیمیں

ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ نائب کپتان شاداب خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

پاکستان کی اننگز شروع ہونےسے پہلے ٹرافی کی رونمائی کی گئی اور دونوں ٹیموں کے قومی ترانے کے بعد کھیل کا آغاز کیا گیا۔


متعلقہ خبریں