خیبرپختونخوا کا ’غریب‘ کروڑ پتی سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک

فائل فوٹو


پشاور: خیبرپختونخوا میں پانچ سال تک وزیراعلیٰ رہنے والے پرویزخٹک صوبے میں اپنی حکومت کے اختتام پر دو لاکھ 30 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر بنگلے میں منتقل ہو گئے ہیں۔

’ہم نیوز‘ نے پاکستان تحریک انصاف کے پرویز خٹک کے متعلق دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

 

کروڑوں مالیت کے اثاثے رکھنے کے باوجود کرائے کے گھر میں منتقل ہونے والے پرویز خٹک کے اثاثوں کی تفصیل’ہم نیوز‘نے حاصل کر لی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پرویز خٹک ڈی ایچ اے لاہور میں ملکیتی گھر، راولپنڈی اور نوشہرہ میں کئی شاپنگ پلازوں اور دکانوں کے مالک ہیں۔

کے پے میں حکومتی مدت ختم ہونے کے بعد پرویز خٹک پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں دو لاکھ 30 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر بنگلہ میں منتقل ہوئے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہ کر سکی

ماضی میں پرویز خٹک کو سیاسی مخالفین ہی نہیں تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے اندرونی حلقوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حتی کہ ان کے حلقہ انتخاب میں وزیراعلی کے خلاف مظاہرے کیے جاتے رہے ہیں۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے پرویز خٹک کے خلاف  سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال، بلین ٹری سونامی اور مالم جبہ اراضی کے حوالے سے تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ آج پانچ سال وزیراعلیٰ رہنے والے پختونخوا کے پرویز خٹک حیات آباد میں کرائے کے گھر شفٹ ہو رہے ہیں۔ ان پانچ سالوں میں ایک بھی الزام ان کے دامن پر نہیں لگا جو پاکستان میں ایک معجزہ ہے۔


متعلقہ خبریں