عمران خان عدالت جائیں تاکہ سارا ریکارڈ سامنے آئے، خواجہ آصف


اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان عدالت جائیں تاکہ سارا ریکارڈ سامنے آئے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایا کہ عمران خان کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی اور عمران خان کا ہر بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے۔ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں مخالفین پر کیسز کی بھرمار کی۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران خان نے بیرونی سازش کے بیانیہ پر بھی یوٹرن لے لیا ہے اور عمران خان نے جو دبئی میں گھڑی بیچی اس کی رقم کیسے پاکستان میں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب نے عمران خان کو عدالت جانے کا چیلنج کر دیا

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی پوری کوشش کی اور عمران خان نے آرمی چیف کو تاحیات تعیناتی کی بھی پیشکش کی۔ ان لوگوں نے بعد میں فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت میں جائے تاکہ سارا ریکارڈ سامنے آئے اور عمران خان نے ملک کے وقار کو خراب کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

عمران خان کے مقدمے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملہ پنجاب کی حدود میں ہوا تو مقدمہ بھی وہیں کریں اور عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو وفاق کا اس میں کیا قصور ہے۔ عمران خان پرویز الہٰی سے پوچھیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے قوانین ذاتی استعمال کے لیے تبدیل کرائے لیکن ہم گھڑی چوری کے معاملے کو انجام تک پہنچائیں گے۔ بتایا جائے ہر معاملے پر فرح گوگی کا نام کیوں آ جاتا ہے؟ اور فرح گوگی کا عمران خان سے کیا تعلق ہے وہ بھی بتانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں اور عمران خان بتائیں ان کے اثاثوں میں اضافہ کس طرح ہوا ؟


متعلقہ خبریں