کراچی کی فریم مارکیٹ: گاہکوں میں آج بھی مقبول


کراچی کی 45 سالہ قدیم فریم مارکیٹ گھر کی سجاوٹ اورتزئین وآرائش کے غرض سے آنے والے گاہکوں میں آج بھی بے حد مقبول ہے۔

گھر کی سجاوٹ کے لیے آج کل دکانوں میں نت نئی اورخوبصورت اشیا باآسانی مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن لوگوں کی بڑی تعداد ایسی  ہے جو آج بھی گھروں کی  تزئین و آرائش لکڑی اور شیشے کے فریم شدہ طغروں اوردلکش تصاویر سے کرنا پسند کرتے ہیں۔

جدید دور میں بھی گھر کے ڈرائنگ روم، ٹی وی لاؤنج اور بیڈ روم کے علاوہ دفاتر کی سجاوٹ کے لیے کراچی کے باسی آج بھی فریم مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں۔ فریم مارکیٹ شہر کی معروف جامعہ کلاتھ مارکیٹ کے احاطے میں واقع ہے۔

خوبصورت اور دلکش رنگوں سے آراستہ فریم فروخت کرنے والے دکاندار بشیر احمد کا کہنا ہے کہ یہاں دور دراز سے لوگ خریداری کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں اکثر لوگ تحفے تحائف خریدنے کی غرض سے بھی آتے ہیں۔

ٹنڈومحمد خان سے آئے ہوئے ایک شہری نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے کچھ تصاویراورتغرے فریم کروائے ہیں۔ عید پر گھر جانے سے قبل تحفہ لے کر جانا چاہتا تھا اس لیے فریم مارکیٹ کا رخ کیا۔

فریم مارکیٹ میں کاریگر اپنے ہاتھوں سے قرآنی طغروں، مختلف قسم کے شیشے اورلکڑی کے بنے فریموں کی بناوٹ کرتے ہیں۔ یہاں سے فریم شدہ قرآنی لوح، اسمائے حسنیٰ، قرآنی آیات، تصاویراورگھٹریاں پاکستان بھر میں جاتی ہیں۔


متعلقہ خبریں