پاکستان نے کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، ہم ادائیگیاں کریں گے، اسحاق ڈار


وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، پاکستان نے کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، ہم ادائیگیاں کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں، معیشت کے حوالے سے منفی باتوں سے معاہدوں پر اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات پھیلائی جا رہی ہے پاکستان دسمبر میں اپنے سکوک بانڈز کی ادائیگیاں نہیں کر سکے گا،واضح کر رہا ہوں کہ بانڈز کی وقت پر ادائیگیاں ہوں گی۔اس حوالے سے کسی کو بھی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے پرہیز کریں، سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں پھر کسی پارٹی کیساتھ تعلق ہے،افواہیں پھیلانا بند کریں، پاکستان سب کا ہے، غیر ذمے دارانہ بیانات سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔

ڈالر کو آزاد چھوڑ کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا، اسحاق ڈار

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں، سب افواہیں ہیں، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے جتنے ریزرو ہونے چاہئیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بے قابو ہو گیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔


متعلقہ خبریں