پنجاب حکومت کے خلوص پر شک نہیں، ان کی نہیں چلی، شاہ محمود قریشی


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں پنجاب حکومت کے خلوص پر شک نہیں لیکن یہ مجبور ہو گئے اور پنجاب حکومت کی نہیں چلی۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جبکہ اسد عمر اور مجھے لانگ مارچ کو راوت تک پہنچانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور ہماری ذمہ داری تھی کہ لانگ مارچ پر امن ہو گا۔ ہمارا مارچ قانون اور آئین کے دائرے میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نےعوام کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ کو جاری رکھا اور عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باوجود ہم مشتعل نہیں ہوئے۔ واضح ہو گیا کہ عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام، چینی برآمد کرنیکی اجازت دینے سے انکار

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سردیوں کے دن چھوٹے ہیں اور اندھیرا جلدی ہو جاتا ہے اس لیے جن کے پاس راولپنڈی میں رہائش کا بندوبست ہے وہ 25 کی رات ہی پہنچ جائیں جبکہ پارٹی کارکنوں کے لیے اقبال پارک میں ٹھہرنے کا انتظام کر رہی ہے تاکہ کارکن دن کی روشنی میں عمران خان کا خطاب سنیں۔

انہوں نے کہا کہ دور سے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے 25 نومبر کو نکلیں اور قریب کے شہروں کے کارکنان صبح سویرے لانگ مارچ کے لیے نکلیں۔ عمران خان 26 نومبر کو راولپنڈی آئیں گے اور وہ راولپنڈی پہنچنے والے قافلوں کا استقبال کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 5 سال کا مینڈیٹ ضروری ہے اور ملکی معیشت کو بچانے کا واحد حل انتخابات ہیں۔ ہماری کوششوں کے باوجود عمران خان پر حملے کی ایف آئی آردرج نہ ہو سکی۔


متعلقہ خبریں